نئی دہلی،26؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)صدر رام ناتھ کووند بھی اس وقت جذباتی ہو گئے جب یوم جمہوریہ کے موقع پر شہید گروڑ کمانڈو جے پی نرالا کو بعد از مرگ اشوک چکر سے نوازنے کے لئے ان کی ماں اور بیوی کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا۔پرچم کشائی اور قومی گیت کے بعد اشوک چکرا کو امن کا سب سے بڑا فوجی انعام دیا گیا۔اس کے لئے جب شہید جے پی نرالا کی ماں اور بیوی کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا تھا، اس دوران ان کے کارناموں کابھی ذکر کیا گیا ۔شہید کی ماں اور بیوی کو اعزاز حاصل کرتے آتے دیکھنے کے دوران صدر جذباتی ہو گئے اور انہیں اشوک چکر نوازے جانے کے بعد جب وہ بیٹھے تو ان کی آنکھوں میں آنسو تھے۔شہید کی ماں اور بیوی کے جانے کے بعد انہوں نے رومال نکال کرانہوں نے آنسوپوچھے۔ہندوستانی ایئر فورس کی تاریخ میں یہ پہلا وقت ہے جب کسی گروڑ کمانڈو کو اشوک چکرا سے نوازا گیا ہے۔گروڑکمانڈوجے پی نرالا تین ماہ پہلے ہی دہشت گردوں کے خلاف مہم کے تحت خصوصی ڈیوٹی پر کشمیر کے ہاجن میں فوج کے ساتھ تعینات تھے۔سرینگر میں اسی آپریشن کے دوران فوج کی طرف سے کی گئی کاروائی میں مولانا مسعود اظہر کے بھتیجے طلحہ رشید کو مارا گیا تھا۔
کمانڈو نرالا اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے تھے،خاندان میں والدین کے علاوہ ان کی بیوی سشما اور 4سالہ بیٹی ججھاسا ہیں۔ان کی بیوی سشما نے بتایا کہ وہ ہمیشہ بہادری کی باتیں کرتے تھے،ان کی 8سال کی سروس ہوئی تھی،جولائی 2017میں انہیں کشمیر جانے کا موقع ملا۔ان کی بیوی کا کہنا ہے کہ وہ اکثر انہیں بتاتے تھے کہ آیا وہ رہے نہ رہے، آپ کو خود اعتماد بننا پڑے گا،ان کے بھروسے نہیں رہناہے،وہ ملک کی خدمت کے لئے ہیں، ملک ان کا پہلا فرض ہے۔ان کی بیوی نے بتایاکہ ان سے آخری بار 17نومبر، 2017کو ان سے گفتگو ہوئی تھی۔ان کی بیٹی ججھاسا بھی اپنے والد کے نقش قدم پر آگے چلے گی، جیسے ان کے شوہر نے ملک کا نام روشن کیا ویسے ہی ان کی بیٹی بھی ملک کا نام روشن کرے گی۔شہید نرالا کے والد تیج نارائن نے بتایا کہ ان کا اکلوتا بیٹا تھا لیکن آج انہیں فخر ہے کہ وہ ملک پر شہید ہو گیا،انہوں نے ملک پر اپنی جان قربان کی۔